محاسبہ نفس

احتساب اپنے اعمال کی جانچ کا نام ہے تاکہ اپنا معیار بلند کیا جا سکے یا کسی شعبے میں بہتری لائی جا سکے۔

اپنے اعمال کو اپنی نظر سے دیکھنے کے بجائے اللہ کی نظر سے دیکھنا محاسبہ کہلاتا ہے۔

محاسبے کے دوران اپنے سے دین میں کم لوگوں سے مقابلہ نہیں کرنا چاہیے ۔ یا اپنے ماضی سے مقابلہ کرنا چاہیے یا دین میں اپنے سے بہتر لوگوں کو معیار بنانا چاہیے۔

محاسبے کے اصول

1۔اصلاح کی نیت اور خواہش کا شدید ہونا۔

2۔خود شناسی یا اپنے آپ کو جاننا کہ میرے اندر کیا کیا کمی اور خامی ہے۔

3۔گناہ کیا کیا ہیں، اس کا علم ہونا۔ بڑے بڑے گناہوں کے علاوہ وہ گناہ جو عام طور سے دن بھر میں انسان سے سرزد ہوتے ہیں ان کا جاننا اور ان کو بھی چھوٹا نہ سمجھنا ۔

4۔ دعا،استعانت یا اللہ سے مدد مانگنا باربار اللہ کے حضور یہ کہنا کہ برائی سے بچنا میرے اختیار میں نہیں ہےآپ میری مدد کریں۔

5۔گناہ سے نفرت کرنا اور دل ہی دل میں اس سے سخت بیزار ہونا ۔

6۔گناہ کے لیے کوئی وجہ تلاش نہ کرنا نہ اپنے حالات کو ذمہ دار قرار دینا اور نہ ہی اپنے آپ کو مظلوم سمجھنا ۔

7۔اپنی غلطی اور گناہ کی جڑ کا معلوم ہونا کہ اصل وجہ کیا ہے مثلا میں غیبت کیوں کرتی ہوں یا کس کی کرتی ہوں۔ غیبت کی ایک وجہ حسد کی ہو سکتی ہے۔

8۔ مجاہدہ کرنا۔ اصلاح کے سفر میں مسلسل کوشش کا آغاز کرنا اور کسی صورت مایوس نہ ہونا۔ سالوں کی عادات کو جاتے جاتے وقت لگتا ہے۔

9۔اس موضوع پر روز پڑھنا یا کوئی لیکچر سننا۔

10۔جس غلطی کی اصلاح کرنا چاہتے ہوں اس سے متعلق کوئی آیت یا حدیث بڑا بڑا لکھ کے لگانا۔

11۔جو لوگ اس معاملے میں ہم سے بہتر ہوں ان کی صحبت اختیار کرنا اور دیکھنا کہ وہ کیسے اس گناہ سے بچتے ہیں۔

12۔ڈائری بنانا اور روز کے حساب سے اپنا محاسبہ کرنا کہ آج کے دن میں نے اس برائی سے بچنے کی کیسی کوشش کی۔

13۔کسی دیندار اور سمجھدار شخص سے مشورہ کرنا کہ اس برائی سے کیسے جان چھڑائی جائے۔

14۔جو مشورہ ملے اس کے اوپر مکمل طور سے عمل کرنا۔

15۔نماز کے بعد یا کوئی وقت مقرر کر کے اس برائی کا اور گناہ کا سوچ کے استغفار پڑھنا۔اس موقعے پر یہ تصور بھی کیا جا سکتا ہے کہ میرا یہ گناہ روز حشر مجھے کیسے رسوا کر سکتا ہے۔

16۔اپنے گھر کے لوگوں یا قریب میں رہنے والے لوگوں سے کچھ عرصے بعد معلوم کرنا کہ کیا اس حوالے سے کوئی بہتری کی صورت نظر آرہی ہے ان کو۔

17۔ بہتری محسوس ہو تو بار بار اللہ کا شکر کرنا اور مزید بہتری کی توفیق مانگنا۔